خوارج کے خلاف بڑی کامیابیخوارج کے خلاف بڑی کامیابی
پاکستان ایک طویل عرصے سے دہشتگردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔ فتنہ الخوارج، دیگر نام نہاد تنظیموں لشکر اسلام، جماعت الاحرار اور بلوچ لبریشن آرمی کی مذموم کارروائیوں کی وجہ سے اس فتنے نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے جسے کچلنے کیلئے ہماری فورسز بھی پرعزم ہیں۔ وہ اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا رہی ہیں۔ ان کے سہولت کاروں اور ہینڈلز کا تعاقب کر رہی ہیں۔ وادی تیراہ میں بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران خوارج کے سرغنہ ابوذر عرف صدام حسین سمیت 25 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا ہے۔ان آپریشنز میں چار جوانوں نے بھی اپنی جانیں وطن پر قربان کر دیں۔ تیراہ بہت دشوار علاقہ ہے۔ ایک عرصہ تک انگریز کی عملداری میں بھی یہ نوگو ایریا تھا۔ اس میں خفیہ راستے ہیں اور کمین گاہیں بھی۔ ایسے علاقے میں آپریٹ کرنا اور اتنی بڑی تعداد میں دہشتگردوں کی ہلاکت بہت بڑی کامیابی اور ان کے ہینڈلز کیلئے ایک بڑا پیغام ہے۔ فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی ہیں جو مختلف ناموں کا لیبل لگا کر آتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نےانکے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں لازوال اور ناقابل فراموش ہیں انہوںنے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے۔ دو روز قبل بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں نے بزدلانہ حملے کئے تھے جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں اکیس دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان آپریشنز میں دہشتگرد تنظیموں کو پہنچنے والا یہ بھاری نقصان سکیورٹی فورسز کے عزم اور دہشتگردی کے خاتمے کے عہد کا ثبوت ہے۔
