نام نہاد یوم جمہوریہ پر بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب
نواۓ وقت
ہندو انتہاء پسندوں کی نمائندہ مودی سرکار نے بھارت کے یوم جمہوریہ سے پہلے پہلے دنیا کے سامنے بھارت کا سیکولر چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے اور اسے ایک مسلم دشمن ہندو انتہاء پسند ریاست کے طور پر اجاگر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔گزشتہ ہفتے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بابری مسجد کی جگہ پر تعمیر کئے گئے رام مندر کے افتتاح کا بھی خاص اہتمام کیا جس میں ہر مکتبہ زندگی کے نمایاں ہندوئوں کو شمولیت کی دعوت دی گئی چنانچہ سیکولر بھارت کی داعی بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے رام مندر کے افتتاح پر نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس ڈرامے کو ان کا انتخابی سٹنٹ قرار دیا۔
دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے ٹھوس ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا بھارتی منصوبہ بے نقاب کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے اپنی سازشوں کے جال بچھا رکھے ہیں۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری خارجہ پاکستان نے اپنی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھارت ملوث ہے اور اشوک کمار اور یوکیشن کمار نامی دو بھارتی شہریوں نے پاکستان میں اپنے ایجنٹوں کو رقوم دیکر دو پاکستانی شہری قتل کرائے ۔پاکستانی سرزمین پر بھارتی کارروائی پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
بھارت نے یہ حرکت پاکستان میں ہی نہیں کی بلکہ کینیڈا اور امریکہ میں بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی اور کینیڈا میں سکھ رہنماء کو قتل کیا گیا جس پر کینیڈا اور امریکہ نے بھارت پر سفارتی پابندیاں عائد کیں۔ بھارت نے اس خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ بھارتی عزائم تو اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے اس لئے علاقائی اور عالمی امن مقصود ہے تو ہندوتوا کو فروغ دینے والے بھارتی ہاتھ روکنا ہوں گے۔ اس کے بغیر خطے میں امن و استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
