ٌ*آئیڈیاز 2024: *پاکستان کی دفاعی قوت اور شراکت داری کے سنہرے دور کا آغاز
پاکستان ہمیشہ سے اپنی دفاعی صنعت کو مضبوط کرنے اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی “آئیڈیاز 2024” کا انعقاد ہے، جو پاکستان کی دفاعی صنعت کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ یہ اہم نمائش پاکستان کی وزارت دفاع اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے تعاون سے 19 سے 22 نومبر 2024 کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔
ٓٓ آئیڈیاز کے 12ویں ایڈیشن میں جدید اور روایتی دفاعی سازوسامان کی بھرپور نمائش کی جائے گی، جو پاکستان کی صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی میں مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔ ان میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، بحری جہاز، آبدوزیں، ڈرون، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ، اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں۔
یہ نمائش صرف دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے تک محدود نہیں ہوگی بلکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کے فروغ، قومی سلامتی کو مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
پاکستان کی ڈیفنس انڈسٹری کو عالمی مارکیٹ میں مزید مستحکم کرنے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی کا مقصد نہ صرف پاکستان کی دفاعی پیداوار کو عالمی معیار پر لے کر آنا ہے بلکہ قومی سلامتی کو یقینی بنانا بھی ہے۔
آئیڈیاز 2024 غیر ملکی وفود، حکومتی عہدیداروں، اور نمائش کنندگان کے درمیان نیٹ ورکنگ کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔ اس نمائش میں ایشیا، مشرق وسطیٰ، اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک، جیسے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، چین، جاپان، اور دیگر کی شرکت متوقع ہے۔
آئیڈیاز کی تنظیمی ٹیم جدید سافٹ ویئر اور سہولیات کی مدد سے نیٹ ورکنگ کو مؤثر اور آسان بناتی ہے، جس سے شراکت داروں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
“آئیڈیاز 2024” پاکستان کے لیے نہ صرف اپنی دفاعی طاقت اور ٹیکنالوجی کے مظاہرے کا موقع ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ اس سے پاکستان کی دفاعی صنعت میں نئی سرمایہ کاری اور جدت کے راستے کھلیں گے، جو ملک کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گی۔
“آئیڈیاز 2024” ایک ایسی کاوش ہے جو پاکستان کی دفاعی صنعت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ اس نمائش کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی تکنیکی مہارت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جائے گا بلکہ دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط ہونے کے امکانات بھی بڑھیں گے۔ آئیڈیاز 2024 واقعی ایک ایسا موقع ہے جو پاکستان کے مستقبل کی دفاعی حکمت عملیوں کا تعین کرے گا۔
