سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل

مزمل سہروردی

15 December 2023

ایکسپریس

سپریم کورٹ نے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ جہاں تک اس کیس کے سیاسی محرکات کا معاملہ ہے تو یہ بات صاف ہے کہ تحریک انصاف اور اس کے حامی اس وقت نو مئی کے ملزمان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ کوئی سول بالادستی یا سول نظام انصاف کی بالادستی کی لڑائی نہیں ہے۔ یہ صرف اور صرف نو مئی کے ملزمان کو ملٹری کورٹس سے بچانے کی لڑائی ہے۔

جہاں تک تحریک انصاف کے بانی کا تعلق ہے تو ماضی میں وہ سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے زبردست حامی رہے ہیں۔ وہ اپنے سیاسی مخالفین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل کروانے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔ لیکن آج اپنے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے خلاف ہیں۔سویلینز کے ملٹری کورٹ کے ٹرائل کے خلاف پیٹیشن دائر کرنے والے وکیل سردار لطیف کھوسہ بھی ماضی میں سولینز کہ ملٹری کورٹ کے حق میں ٹرائل کے حامی رہے ہیں۔ لیکن فرق صرف اتنا ہے تب وہ نون لیگ کے لوگوں کے ملٹری کورٹ کے ٹرائل کے حق میں تھے اور آج ان کی پسندیدہ جماعت تحریک انصاف کے لوگوں کا ٹرائل ہو رہا ہے تو وہ خلاف ہیں۔

نو مئی کے ملزمان کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ریاست کا فیصلہ ہے۔ اس کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ دور کی جائے گی۔ اس ضمن میں انتخابات کے بعد جب نئی پارلیمنٹ وجود میں آئے گی تو جیسی قانون سازی اور آئین سازی کی ضرورت ہوگی وہ بھی ہو جائے گی۔ ویسے بھی گزشتہ پارلیمنٹ نو مئی کے ملزمان کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے حق میں قرارداد پاس کر چکی ہے۔ اور اب اگر مزید کوئی ضرورت ہوگی تو وہ بھی پوری کر دی جائے گی۔

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus ( )