پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ہندوستان کا کردار
27 December 2023
ملک زعیم
دنیا
ہندوستان پاکستان میں نہ صرف جاسوسی میں ملوث پایا گیا ہے بلکہ یہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کاروائیوں کی سہولت کاری بھی کرتا رہا ہے۔ کینیڈا میں ہونے والے حالیہ افسوس ناک واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب ریاستی دہشت گردی پھیلانےکی بات آتی ہے تو ہندوستان سرحدوں کی بھی پرواہ نہیں کرتا۔
پاکستان نے تو ہندوستان کی طرف سے بلوچستان میں موجود باغی تنظیموں کی سرپرستی کے باقائدہ ثبوت بھی اقوام متحدہ کو بھجوائے ہیں جن میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی راء کی طرف سے دہشت گردی کی کاروئیوں کے لئے سرمایہ مہیا کرنے اور ان کاروائیوں کی نگرانی کرنے جیسے سنگین اقدامات کے دستاویزی ثبوت بھی شامل ہیں۔
بلوچستان اور پاکستان کے دوسرے علاقوں میں ہندوستان کا بڑھتا ہوا عمل دخل اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان پاکستان کی معاشی ترقی اور فوجی قوت سے خوف زدہ ہے اور نہیں چاہتا کہ پاکستان مستحکم ہو۔
موجودہ صورت حال کو سلجھانے کے لئے پاکستان نے بین الاقوامی اداروں جیسے کہ اقوام متحدہ سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔ اب یہ عالمی منظر نامے پر نظر رکھنے والی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان میں ہندوستان کی ایماء پر ہونے والی دہشت گردی کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔